پشاور: خیبرپختونخوا کے سرکاری و نجی ہسپتالوں اور دیگر صحت مراکز میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق ضلعی کمیٹیاں ہسپتالوں میں فائر سیفٹی نظام، فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی راستوں اور ایگزٹ کا معائنہ کریں گی، جبکہ بجلی کے نظام، ہاؤس کیپنگ اور کمیونیکیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی آڈٹ کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔محکمہ صحت کے مطابق ضلعی سطح پر قائم فائر ایمرجنسی سیفٹی کمیٹی میں 14 ارکان شامل ہوں گے، جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔
کمیٹی میں محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے افسران کے علاوہ متعلقہ اسپتال کے ڈائریکٹر یا میڈیکل ڈائریکٹر بھی شامل ہوں گے۔
محکمہ صحت کے مطابق فائر سیفٹی کمیٹیاں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے سات روز کے اندر اپنی رپورٹ متعلقہ ڈویژنل کمشنر اور محکمہ صحت کو ارسال کرنے کی پابند ہوں گی۔
