ہری پور
ہری پور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شاہد اقبال خٹک نے ہری پور بازار کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے عوامی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ نئے سال کے پہلے روز کیے گئے اس معائنے کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور مقررہ اوزان میں کمی پر پانچ معروف کاروباری مراکز کو سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر واقع مطعم البخاری ہوٹل میں روٹی کا وزن سرکاری معیار سے کم پایا گیا جبکہ وہاں صفائی کے انتظامات بھی انتہائی ناقص تھے۔ اسی طرح Yum Bakers کے معائنے کے دوران زائد المعیاد (ایکسپائرڈ) اشیاء برآمد ہوئیں جس پر دونوں دکانوں کو فوری طور پر سیل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ مزید براں المدینہ ہوٹل، الواسع ہوٹل اور کراچی ہوٹل میں بھی روٹی کا وزن مقررہ مقدار سے کم پایا گیا جس پر ایکشن لیتے ہوئے انتظامیہ نے ان تینوں ہوٹلوں کو بھی موقع پر ہی سیل کر دیا۔