تورغر
تورغر میں جنگلی حیات کے تحفظ کے پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ گھورل (Goral) کی ٹرافی ہنٹنگ کا کامیاب انعقاد کیا گیا ہے۔ وائلڈ لائف حکام کے مطابق اس تاریخی شکار کے لیے پرمٹ کی نیلامی ریکارڈ 55 ہزار ڈالر میں ہوئی جو ہزارہ ڈویژن کے ضلع تورغر میں انجام پایا۔
کنزرویٹر وائلڈ لائف افتخار زمان نے ہزارہ ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ امریکی شہری ڈیرن جیمز ملن نے 55 ہزار ڈالر کی سب سے زیادہ بولی دے کر یہ ٹرافی اپنے نام کی۔ یہ ملکی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کسی غیر ملکی شکاری نے باقاعدہ طور پر ریگولیٹڈ گھورل (Goral) ہنٹنگ میں حصہ لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ ضلع تورغر کی مقامی آبادیوں کی ترقی اور فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ افتخار زمان کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے مختلف حصوں میں گھورل (Goral) کی آبادی کافی بہتر ہے اور اس طرح کے قانونی شکار سے نہ صرف جانوروں کے تحفظ کی ترغیب ملتی ہے بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔