ایبٹ آباد
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور 765 کلو واٹ ٹرانسمیشن ٹاورز کی تنصیب کو قومی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کے دوران سیٹلمنٹ آفیسر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زمین کی واپڈا کے نام منتقلی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ کمشنر ہزارہ نے سیٹلمنٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جن مکانات کے مالکان کو معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے، انہیں فوری طور پر منہدم کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "سوشل سپورٹ فنڈز” کو شفاف طریقے سے مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں ٹرانسمیشن ٹاورز نصب کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر نے واپڈا، نیشنل گرڈ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن پر زور دیا تاکہ تمام مسائل کو موقع پر ہی حل کیا جا سکے۔