ایبٹ آباد
ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے سردیوں کی چھٹیوں سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے تعمیرِ وطن سکول کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد افراسیاب زبیر ہندل نے شہر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا تاکہ چھٹیوں کے سرکاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ معائنے کے دوران تعمیرِ وطن سکول کھلا پایا گیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سکول کو سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ حکومت نے شدید سردی اور بچوں کی صحت کے پیشِ نظر چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، جس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے دیگر سکول مالکان کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ سرکاری احکامات کی پابندی کریں، بصورتِ دیگر بھاری جرمانے اور سکول سیل کرنے جیسی سخت سزائیں دی جائیں گی۔