ایبٹ آباد
خیبر پختونخوا حکومت نے ہزارہ ڈویژن کے معروف سیاحتی مقامات ناران، کاغان اور بٹہ کنڈی سمیت سوات، مدین، بحرین، کالام، ماہو ڈنڈ اور منکیال ریزورٹس کے لیے تیار کیے جانے والے مربوط ماسٹر پلان کا جائزہ مکمل کر لیا ہے۔
محکمہ سیاحت کی جانب سے پیش رفت کا یہ جائزہ اجلاس سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) اور گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GDA) کے سربراہان کے علاوہ ماسٹر پلان تیار کرنے والی مشاورتی فرموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں مشاورتی ٹیم نے سائٹ سروے، زمین کے استعمال، بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور ماحول دوست سیاحت کے لیے تیار کیے گئے ماڈلز پر بریفنگ دی۔ حکام کو بتایا گیا کہ ماسٹر پلانز کا مقصد پائیدار اور مقامی آبادی پر مبنی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ رپورٹس کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے، کیونکہ یہ ماسٹر پلان ناران، کاغان، بٹہ کنڈی اور سوات کے دیگر مقامات کو عالمی معیار کی سیاحتی منزلوں میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ذمہ دارانہ اور ماحول دوست سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔