مانسہرہ
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں قتل اور اقدامِ قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران تھانہ سٹی پولیس نے چار سال سے مطلوب دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی عاصم بخاری کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے حضرت بلال ولد علی اور جمعہ سید ولد صدیر کو گرفتار کیا ہے، جو کہ 3 مارچ 2021 کو سنہری مسجد کے قریب پیش آنے والے قتل کے مقدمے میں نامزد مفرور تھے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے پرانی دشمنی کی بنا پر کوہستان کے رہائشی 70/71 سالہ پیدائشی گونگے اور بہرے شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا اور واردات کے بعد فرار ہو گئے تھے۔ ملزمان کا تعلق کوہستان جلکوٹ سے ہے جبکہ وہ طویل عرصے سے حال بفہ دو راہا میں روپوش تھے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی سراہتے ہوئے کہا کہ سنگین مقدمات میں مطلوب تمام مفرور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔