گلگت .
گلگت یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں پہلی خاتون صدر منتخب،ذاکر سینئر نائب صدر،شیرین کریم نائب صدر ،ثمر عباس قذافی سیکرٹری جنرل اور عمران شیر خان فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے
گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلگت یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں ایک خاتون صحافی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ سال 2025-2027 کے لیے منعقدہ انتخابات میں جرنلسٹس اتحاد پینل کی امیدوار کرن قاسم صدر منتخب ہو گئیں۔ دیگر میں محمد ذاکر سینئر نائب صدر ،شیرین کریم نائب صدر ،ثمر عباس قذافی سیکرٹری جنرل ،بشارت یزدانی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ،عمران شیر خان فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے ان کے مدمقابل ورکنگ جرنلسٹس پینل کے زوہیب اختر تھے۔یونین کے دفتر میں 4 اکتوبر کو ہونے والے انتخاب میں 52 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 46 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق 24 ووٹ کرن قاسم کے حق میں، 16 ووٹ زوہیب اختر کے حق میں ڈالے گئے جبکہ 3 ووٹ مسترد ہوئے۔انتخابی عمل الیکشن کمیٹی کے چیئرمین امتیاز علی تاج اور ممبران امتیاز گلاب بگورو و معراج عالم کی نگرانی میں پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہوا۔کامیابی کے بعد اپنی وکٹری اسپیچ میں کرن قاسم نے کہا کہ یہ فتح تمام صحافی بھائیوں اور ساتھیوں کی بھرپور حمایت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اتحاد پینل کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔
سوشل میڈیا پر صحافتی برادری اور دیگر حلقوں کی جانب سے کرن قاسم اور ان کی کابینہ کو مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گلگت یونین جرنلسٹس کی طرف سے پہلی دفعہ ایک خاتون جرنلسٹ کرن قاسم کو صدر اور شیرین کریم کو نائب صدر منتخب کرنا لائق تحسین ہے۔ روایتی طور پر مردوں کے لئے مختص شعبوں میں خواتین کا لیڈنگ رول تک پہنچنا خوش آئند ہے۔ کرن قاسم اور شرین کریم کا صحافت جیسے مشکل اور کٹھن شعبے میں پیشہ ورانہ نظم و ضبط اور مستقل مزاجی سے اپنا لوہا منوانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔
کرن قاسم نے ہفتہ روزہ صدائے گلگت سے اپنے صحافتی کیرئر کا آغاز کیا تھا اس وقت میں صدائے گلگت کا ریذیڈنٹ ایڈیٹر تھا اور ان کی پیشہ وارانہ ترقی کے لئے ہر ممکن راہنمائی کی تھی۔ ان کو پنے شبعے سے بے حد لگن تھا اور وہ شب و روز محنت کرتی تھیں۔ جس کی وجہ سے وہ اب ایک روزنامہ کی گلگت بلتستان میں بیوروچیف ہیں اور آج گلگت یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں صدر منتخب ہوگئ ہیں جس کے لئے ہم وہ اور ان کے پینل کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں وہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
معلومات تک رسائی اور اظہار رائے کی آزادی جیسے بنیادی انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ میں صحافیوں کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے۔ اس لئے صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے۔ اگر صحافی حق و سچ کی بلندی کو یقینی بنائیں تو معاشرے میں انصاف اور انسانی حقوق کا بول بالا ہوسکتا ہے۔