ایبٹ آباد
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم کی زیرِ صدارت چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کا چوتھا اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران، سول سوسائٹی نمائندگان اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2010 کے مؤثر نفاذ، بچوں کی فلاح و بہبود اور معاشرتی سطح پر آگاہی کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد علی نے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایف آئی آرز میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2010 کی کچھ دفعات کو شامل نہ کر نے، بدنی سزا کے مقدمات میں سزا نہ ہونے اور بہتری کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ہدایت کی کہ مقامی تحفظ اطفال کمیٹیوں میں مقامی حکومت کے عملے، خصوصاً ویلیج سیکرٹریز اور کونسلرز کی معاونت سے آگاہی سیشنز منعقد کرائے جائیں تاکہ کمیونٹی سطح پر بچوں کے تحفظ کے شعور کو بڑھایا جا سکے۔اجلاس کے دوران بچوں سے متعلق جرائم، ریپ اور قتل کے کیسز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے واضح ہدایات دیں کہ ایسے کیسز کی منصفانہ اور شفاف تفتیش ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے تعاون سے اسکولوں میں آگاہی سیشنز منعقد کریں، جبکہ مدرسوں کے طلبہ کو بھی کمیونٹی آگاہی پروگرامز میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں کے شعبہ سوشیالوجی کو بھی یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ تعلیمی اداروں میں آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔ اجلاس میں قتل کے مختلف کیسز پر جامع کیس مینجمنٹ کے اصولوں یعنی شناخت، تشخیص، کیس پلان، ریفرل اور فالو اپ پر بات کی گئی۔ بچوں کے تحفظ کے لیے قانونی امداد فراہم کرنے، وکلاء کی خدمات لینے، نفسیاتی سپورٹ اور کونسلنگ فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بچوں کو خطرے کی صورتحال سے بچانے کے لیے ادارہ جاتی نگہداشت، عدالت میں پیشی، فیملی ٹریسنگ و ری یونین، گارڈین شپ معاملات اور کمیونٹی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیز کی تشکیل و تربیت کو مؤثر بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ گھروں اور کمرشل اداروں میں کام کرنے والے بچوں کے مسائل کی نشاندہی کریں، ان کے انٹرویوزکریں اور آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں گھریلو تشدد اور بچوں پر تشدد کے دیگر مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں شریک شرکاء میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریلیف اینڈ ہیومن رائٹ امان اللہ سعید، ڈاکٹر شہزاد (ڈپٹی ڈی ایچ او ہیلتھ)، سائرہ مشتاق (ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر) بلال حسین (ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سوشیالوجی)، جنید قریشی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ایبٹ آباد)،ملک احسان (سینئر پروبیشن آفیسر)،حنا خان ایڈوکیٹ وکیل چائلڈ پروٹیکشن یونٹ)، نصیر احمد (ڈی ای او ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن)، محمد عثمان علی (ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر ایبٹ آباد)، سردار عبدالرحمن (اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ)، رشاد احمد (ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل)، محمد تنویر (ملک الخدمت فاؤنڈیشن)، اور محمد نظیر (ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد) الزبتھ جیمز ہومز آف ہوپ ممبر آواز 2شامل تھے۔