مانسہرہ
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی انٹرن شپ پالیسی 2025 کے تحت صحافت، تحقیق اور معلوماتی خدمات کے فروغ کے لیے ہزارہ ایکسپریس نیوز اور شعبہ پاکستان اسٹڈیز، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ کے مابین ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
یہ تقریب کالج کے شعبہ پاکستان اسٹڈیز میں منعقد ہوئی جس میں دونوں اداروں کی نمائندہ شخصیات شریک ہوئیں۔ شعبہ پاکستان اسٹڈیز کی نمائندگی پروفیسر اعجاز عباسی نے کی، جب کہ ہزارہ ایکسپریس نیوز کی جانب سے شیرافضل گوجر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت ہزارہ ایکسپریس نیوز، کالج کے طلبہ کو عملی صحافت، تحقیق، ڈیجیٹل میڈیا، اور سماجی رابطوں کے ذریعے موثر ابلاغ کی تربیت فراہم کرے گا۔ طلبہ کو انٹرنشپ کے دوران نہ صرف ادارتی و رپورٹنگ کے شعبوں میں سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ انہیں میڈیا پروڈکشن، گرافک ڈیزائننگ، اور تحقیقاتی صحافت جیسے شعبوں میں بھی مہارت حاصل ہوگی۔
ہزارہ ایکسپریس نیوز نے اس معاہدے کو نوجوان طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت، مقامی مسائل پر تحقیق، اور کمیونٹی جرنلزم کے فروغ کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا ہے۔
دوسری جانب شعبہ پاکستان اسٹڈیز نے اس شراکت داری کو نصابی علم کو عملی میدان سے جوڑنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا، جو طلبہ کو قومی و مقامی سطح پر درپیش چیلنجز کے ادراک اور ان کے حل کی صلاحیت فراہم کرے گی۔
تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں نے علم، تحقیق اور صحافت کے میدان میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ شراکت داری نہ صرف طلبہ کی تربیت بلکہ ہزارہ ریجن میں مثبت سماجی تبدیلی کا ذریعہ بھی بنے گی۔
