ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا تھانہ بفہ کی حدود میں قتل کئیے جانے والے مقتول بچے کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کے لئیے ملاقات ، جائے واقوعہ کا بھی دورہ کیا ، قاتل گرفتار ، مقتول بچے کا سر بھی مل گیا ، انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی
تھانہ بفہ کی حدود میں بےدردی سے قتل کئیے جانے والے 9 سالہ معصوم بچے کے افسوسناک واقعے پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے متاثرہ خاندان سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ مانسہرہ پولیس ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر صورت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے متاثرہ خاندان کو آگاہ کیا کہ سفاک قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور وہ پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے دن رات کی انتھک کوششوں سے یہ گرفتاری ممکن بنائی، اور ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ:
"اس دل خراش سانحے پر ہم سب دکھی ہیں، اور مانسہرہ پولیس متاثرہ خاندان کے ساتھ ایک سرپرست کے طور پر کھڑی ہے۔ قاتل کو اس کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا اور انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ ہر صورت انصاف یقینی بنایا جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو۔
مانسہرہ پولیس نہ صرف متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی مدد فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی مکمل اخلاقی اور ادارہ جاتی معاونت بھی جاری رکھے گی۔