پشاور
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل ہیں جہاں ڈاکٹرز ان کے مختلف ٹیسٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور اوپن ہارٹ سرجری پر غور جاری ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق شبلی فراز کے دل کی ایک مین شریان پر مسلز بریج پایا گیا ہے۔ اس کیفیت کی وجہ سے شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث ہارٹ اٹیک کا خدشہ لاحق ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کو بعض اوقات سینے میں درد محسوس ہوتا ہے اور ان کا بلڈ پریشر بھی مسلسل بلند رہتا ہے۔ اب تک ان کی اسلام آباد میں تین بار انجیوگرافی ہوچکی ہے۔
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دس ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل طبی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ شبلی فراز کی عمر 67 سال ہے اور وہ گزشتہ سات برس سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔