مانسہرہ تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود میں کم عمر بچے مبشر ولد آصف (عمر 13/14 سال) کے قتل کے اندوہناک واقعے میں نامزد دونوں ملزمان کو پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔واقعہ مورخہ 29 جون 2025 کو پیش آیا، جب قاسم ولد نذیر اور نذیر ولد علی زمان ساکنان درہ کھولیاں نے سابقہ پانی کے تنازعے پر فائرنگ کر کے مبشر کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے اس سانحہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔جس پر ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان اور ڈی ایس پی بالاکوٹ کیڈٹ سہیل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ گڑھی حبیب اللہ لیاقت شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انتھک محنت کے بعد دونوں ملزمان قاسم ولد نذیر اور نذیر ولد علی زمان ساکنان درہ کھولیاں کو گرفتار کر لیا۔واقعے میں مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔