Skip to content

کاغان ٹول پلازہ کی تنصیب کا معاملہ حل

شیئر

شیئر

مانسہرہ: کاغان کے مقام جھاگ پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے مجوزہ ٹول پلازہ کی تنصیب کے حوالے سے جاری تنازع کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں منعقدہ اہم اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے ٹول پلازہ کی تنصیب پر اتفاق کر لیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور، منتخب عوامی نمائندوں، سابق امیدواران اسمبلی، ہوٹل ایسوسی ایشن ناران، ٹرانسپورٹ یونینز، سول سوسائٹی اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

انتظامیہ کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ این ایچ اے نہ صرف وادی کاغان کی سڑک کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام سرانجام دے رہی ہے بلکہ سال بھر اس سڑک کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنا بھی ادارے کی ذمہ داری ہے۔ اس سے سیاحوں سمیت مقامی افراد بھی مستفید ہوتے ہیں۔ تاہم ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع مانسہرہ کے رہائشیوں کے لیے ٹول فری ہوگا۔

اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں سابق صوبائی وزیر سید احمد حسین شاہ، ایم پی اے منیر حسین لغمانی، سابق ایم پی اے میاں ضیاء الرحمان، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سید جنید علی قاسم، تحصیل چیئرمین بالاکوٹ سید ابراہیم شاہ، صدر ہوٹل ایسوسی ایشن ناران سیٹھ مطیع اللہ، سردار لیاقت کسانہ، قدوس لالہ، انور لالہ، محمد فاروق، فاروق مغل، عبدالوحید، سرور خان، محمد طاہر، اشفاق احمد اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔

ذرائع کے مطابق تمام اسٹیک ہولڈرز نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی یقین دہانی کے بعد ٹول پلازہ کی تنصیب پر اتفاق کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ منصوبے میں رکاوٹ کے باعث این ایچ اے نے سڑک کی مرمت کے لیے مختص 75 کروڑ روپے کے فنڈز بھی روک رکھے تھے، جن کے اجراء کی راہ اب ہموار ہو گئی ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں