ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو 2025 کے ہال آف فیم میں شامل کرلیا۔ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے لندن کے ایبی روڈ اسٹوڈیوز میں منعقد ایک شاندار تقریب میں ہال آف فیم کے نئے اراکین کو ایوارڈز دیے۔
ثناء میر پاکستان کی ایک مشہور کرکٹر اور سابق پاکستانی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیں۔ وہ حال ہی میں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن کر تاریخ رقم کر چکی ہیں۔
ثناء میر پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن کے خوبصورت ضلع ایبٹ آباد میں پیدا ہوئیں اور ان کا تعلق ایک فوجی گھرانے سے ہے۔ اپنے والد کی سروس کے دوران وہ مختلف چھاؤنیوں میں رہیں اور ابتدائی تعلیم راولپنڈی اور گوجرانوالہ سے حاصل کی۔ بعد ازاں ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا جہاں انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی۔