خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا کے دلکش سیاحتی مقامات پر حالیہ تین دنوں کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا، جن کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ گلیات میں سب سے زیادہ 1 لاکھ 77 ہزار، ناران کاغان میں 1 لاکھ 68 ہزار، مالم جبہ میں 1 لاکھ 60 ہزار، جبکہ دیر اپر میں 85 ہزار سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ سرن ویلی، مانسہرہ اور دیگر مقامات پر بھی ہزاروں سیاحوں نے قدرتی مناظر سے لطف اٹھایا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور اور مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی خصوصی ہدایات پر سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ ٹورازم پولیس کے جوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاحوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی۔ سیاحوں کی رہنمائی اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے ٹورازم ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال رہی۔
ضم شدہ اضلاع میں بھی سیاحت کا رجحان بڑھتا نظر آیا، جہاں بڑی تعداد میں سیاح مختلف خوبصورت وادیوں اور مقامات کی سیر کو پہنچے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ اور سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔