سعودی عرب
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے حج آپریشن 2025 کی کامیاب تکمیل کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان حج مشن کو شاندار خدمات پر "ایکسلینس ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے وصول کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمن، اور ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان بھی موجود تھے۔ ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ ایکسی لینسی ایوارڈ حکومت پاکستان کی مؤثر سرپرستی، معاونین اور حج ناظمین کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی ڈپٹی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے حج 2026 کے لیے پالیسی اور ٹائم لائن کا اعلان بھی کیا ہے۔ عبدالوہاب سومرو کے مطابق حج کے اختتام کے فوری بعد آئندہ حج کے لیے پالیسی جاری کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی حکومت قبل از وقت تیاریوں کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2026 کی پالیسی اور ٹائم لائن باقاعدہ طور پر وصول کی۔ ڈی جی حج کے مطابق نئی پالیسی کے تحت یکم محرم 1447 ہجری سے مسار پلیٹ فارم پر حج کمپنیوں کے پروفائل کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔