ہری پور
ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر علاج انتہائی خطرناک ڈکیت پولیس حراست سے فرار، ڈیوٹی پر مامور چار پولیس اہلکار معطل کر دیے گئے۔فرار ہونے والا ملزم 26 مئی کو رنگیلا روڈ پر پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا۔ اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سے زیر حراست ملزم کے فرار کے واقعے پر ڈی پی او ہری پور فرحان خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات چار پولیس جوانوں کو معطل کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کیے۔ گزشتہ شام، ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈھینڈہ سے زیر حراست ملزم ناصر، ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔ ڈی پی او ہری پور فرحان خان نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ملزم کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ ایس پی انویسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمان کی قیادت میں ضلع بھر میں ملزم ناصر کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندیاں عمل میں لائی گئیں، جس کے نتیجے میں فروقیہ چیک پوسٹ پر دوران ناکہ بندی ملزم ناصر کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔