اسلام آباد
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (National CERT) نے سوشل میڈیا پر فعال ٹاک ٹاکرز، وی لاگرز، انفلوئنسرز اور بلاگرز کے لیے نئی سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انہیں آن لائن اور آف لائن تحفظ یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات دی گئی ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تخلیق کاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی براہِ راست نشریات (لائیو اسٹریمنگ) میں موجودہ مقام (لوکیشن) شیئر نہ کریں، اجنبی افراد کو سوشل میڈیا پر فرینڈ لسٹ میں شامل کرنے سے گریز کریں اور مشتبہ دعوتوں پر جانے سے قبل مکمل تصدیق کریں۔ ساتھ ہی حقیقی زندگی میں بھی محتاط رہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تخلیق کاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی آن لائن شناخت محفوظ رکھیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مضبوط پاس ورڈز کے ساتھ دوہری تصدیق (Two-Factor Authentication) کا استعمال کریں۔ پرائیویسی سیٹنگز کا درست استعمال اور مشکوک روابط (Links) سے پرہیز بھی ایڈوائزری کا حصہ ہے۔
اگر کسی تخلیق کار کے خلاف ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے جھوٹی ویڈیوز یا آڈیوز پھیلائی جاتی ہیں تو فوری طور پر اس کی تردید کرنے اور متعلقہ پلیٹ فارم کو رپورٹ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
مزید برآں، تخلیق کاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پیجز پر آنے والے کمنٹس اور پیغامات پر نظر رکھیں، اور کسی بھی غیر اخلاقی، نازیبا یا خطرناک مواد کو فوراً بلاک کر کے رپورٹ کریں۔
ایڈوائزری کا مقصد ڈیجیٹل دنیا میں تخلیق کاروں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ان کی شناخت اور خیالات کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔