Skip to content

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ہیڈکوارٹرز کا تمام ملازمین کو ڈگری ویریفیکیشن کیلئے حتمی نوٹس

شیئر

شیئر

اسلام آباد

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) انتظامیہ نے تمام ریگولر، کنٹریکچول اور پروفیشنل ملازمین کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے ڈگری کی تصدیق کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ یہ اقدام ادارے میں شفافیت، میرٹ اور قانونی تقاضوں کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ڈگری ویریفیکیشن کے لیے 31 جنوری 2025 کی حتمی ڈیڈلائن مقرر کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود متعدد ملازمین نے اب تک اس ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیا۔ اس تناظر میں پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز سے ایک نیا ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ڈگریوں کی نقول ایک ہفتے کے اندر متعلقہ دفاتر میں جمع کرانا لازم ہے۔

پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے تمام مراکز کو ہدایت نامہ پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ عملدرآمد کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈگری تصدیق میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور مقررہ مدت میں ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان پی ٹی وی کے مطابق، ڈگری ویریفیکیشن نہ کروانے کی صورت میں ملازمت ختم ہونے کا بھی خدشہ موجود ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق، ڈگری کی تصدیق کسی بھی سرکاری ادارے میں ملازمت کے لیے ایک بنیادی شرط ہے، اور پی ٹی وی اس اصول پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔

پی ٹی وی انتظامیہ نے تمام ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی تعلیمی اسناد کی ایچ ای سی سے تصدیق مکمل کر کے متعلقہ محکموں میں جمع کرائیں، تاکہ ادارے کے انتظامی امور متاثر نہ ہوں اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

مزید براں، ملازمین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ہدایت کی خلاف ورزی پر نہ صرف انضباطی کارروائی ہوگی بلکہ مستقل یا کنٹریکٹ بنیاد پر جاری روزگار بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں