مانسہرہ
عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں مویشی منڈیاں قائم ہو چکی ہیں جہاں قربانی کے جانور خریدنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ خاص طور پر ٹاؤن شپ مویشی منڈی کے قریب ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفع اللہ گنڈا پور اور ایس پی ٹریفک شاہنواز خان کی ہدایت پر ضلع بھر میں ایک جامع ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے تاکہ منڈیوں کے اطراف ٹریفک کے سنگین مسائل سے بچا جا سکے۔ ٹاؤن شپ منڈی کے قریب اضافی ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام اور پریشانی سے بچایا جا سکے اور آمدورفت کو بہتر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔
انسپکٹر ٹریفک پولیس مانسہرہ انس خان نے نئے تعینات عملے کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ممکنہ رش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن احتیاط کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ منڈیوں کے گرد امن و امان قائم رہے۔
ضلعی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قربانی کے جانور خریدتے ہوئے ٹریفک قوانین کا احترام کریں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور نظم و ضبط کے ساتھ منڈیوں میں آمدورفت کریں تاکہ سب کو سہولت حاصل ہو اور عید کی خوشیاں بلا رکاوٹ منائی جا سکیں۔