ناران
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ زوالفقار حمید کے وژن اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے معروف سیاحتی مقام ناران میں تھانہ ناران، اس سے ملحقہ پولیس پوسٹس، ٹریفک پوائنٹس اور ٹورِسٹ فیسلیٹیشن سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا،دورے کے دوران ایس ایچ او تھانہ ناران سید اسرار حسین شاہ، دیگر پولیس افسران و جوان، ٹورازم پولیس کے اہلکار اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے ناران کا رخ کرنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات بھی کی، ان سے سیکیورٹی، ٹریفک اور عمومی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا، جس پر سیاحوں نے پولیس اور انتظامیہ کے اقدامات پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے ٹورِسٹ فیسلیٹیشن سینٹر میں موجود عملے کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سیاحوں کو بروقت معلومات، مکمل رہنمائی اور تمام ممکنہ سہولیات فراہم کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ٹریفک کی روانی کو مؤثر بنانے کے لیے ڈی پی او مانسہرہ نے ٹریفک پولیس کے تمام افسران و جوانوں کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ سڑکوں پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، سیاحوں کی راہنمائی کریں، کسی بھی قسم کے ٹریفک جام کی صورت حال سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھیں۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ ناران آنے والے سیاح بہترین سیکیورٹی، منظم ٹریفک اور پُرامن فضا میں اپنی تعطیلات سے لطف اندوز ہوں اور ناران کے دلکش مناظر اور قدرتی حسن کا بھرپور انداز میں مشاہدہ کر سکیں۔