ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تحت قائم نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NCEAC) نے ہری پور یونیورسٹی میں جاری مزید تین ڈگری پروگراموں کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ جن میں بی ایس کمپیوٹر سائنس، بی ایس سافٹ ویئر انجینئرنگ اور بی ایس آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے پروگرامز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق NCEAC کی انسپکشن ٹیم نے تفصیلی دورہ کے موقع پر ڈیپارٹمنٹ میں دستیاب جدید ترین لیبارٹریز، کونسل کے معیار پر پورا اترنے والی فیکلٹی، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب اور معیاری تدریسی ماحول کو اطمینان بخش قراردیا، جس کے بعد ان تینوں پروگراموں کی منظوری کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے اس اہم کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ منظوری یونیورسٹی آف ہری پور کے تعلیمی وژن تدریسی معیار اور عملی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کی ٹیم سپرٹ کا نتیجہ قرار دیا اور فیکلٹی ڈین اور ڈیپارٹمنٹ کےچیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختاج خان اور ان کی پوری ٹیم کو اس کامیابی کا سرخیل قرار دیا، جن کی انتھک محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے یہ سنگِ میل عبور کیا گیا۔
اس حوالہ سے پروفیسر ڈاکٹر مختاج خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد محض ڈگریوں کی تقسیم نہیں ہے بلکہ طلباء کو ایسی عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے جو بدلتے ہوئے تکنیکی ٹرینڈز میں بھی انہیں نمایاں مقام دلائیں۔ جبکہ یونیورسٹی کے تعلیمی و تدریسی معیار کا بین ثبوت یہ ہے کہ صرف کمپیوٹر اینڈ نیومیریکل سائنسز فیکلٹی میں تقریبا چار ہزار طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان جدید پروگراموں کی منظوری سے نہ صرف طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم میسر آئے گی بلکہ انہیں مقامی و بین الاقوامی سطح پر کیریئر کے بہترین مواقع بھی حاصل ہوں گے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ NCEAC پورے ملک میں کمپیوٹنگ کے تعلیمی معیار کو ملکی اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے پروگراموں کی سخت اور سروسز کا جائزہ لیتی ہے، اور صرف ان پروگراموں کی منظور دی جاتی ہے جو طے شدہ عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں۔