بالاکوٹ پولیس کی کارروائی اپنی بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں خاوند گرفتار
مانسہرہ: تھانہ بالاکوٹ کی حدود میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم بنارس ولد شیر زمان سکنہ اسماعیل آباد کو مانسہرہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ مسمات (ر) زوجہ بنارس دختر بوستان کو گھریلو تنازعے کے نتیجے میں شوہر نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
جس پر ایس ایچ او تھانہ بالاکوٹ فہد شاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ خواتین پر تشدد اور اس نوعیت کے گھریلو جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ مانسہرہ پولیس ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔زرائع کے مطابق ملزم بنارس نے اس سے قبل بھی اپنے سسر کے گھر پر فائرنگ کی اور مقتولہ کو متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا مگر پولیس کی طرف سے گھریلو تشدد اور متعلقہ دفعات کے تحت کاروائی نہ کرنے اور علاقے کے بااثر افراد کی سفارش اور ساز باز اور پولیس ملی بھگت سے ملزم بچ نکلتا تھا ۔