
مانسہرہ
وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے یونیورسٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں Business Incubation Centre کا افتتاح کیا۔ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق علی نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے سنٹر کے مقاصد اور اہداف سے شرکا ء کو آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو ملکی و عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت دینا اوریونیورسٹی میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے سٹارٹ اپس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ حکومت ہر شخص کو ملازمت فراہم نہیں کر سکتی لہٰذا ہمیں اپنے پڑھے لکھے نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بنانا ہوگااور اس ضمن میں بزنس انکیوبیشن سنٹر کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ بزنس انکیوبیشن سنٹر کا مقصدتکنیکی وسائل کی فراہمی کے ذریعے طلبا و طالبات کو جدید کاروباری مہارتیں سکھانا، انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی ترقی کے نئے راستے کھولنا ہے تاکہ طلباء و طالبات ماہرین کی رہنمائی میںعصری رجحانات اپناتے ہوئے اپنے بزنس آئیڈیازکو عملی شکل دے سکیں۔ وائس چانسلر نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں 20سے زائد جدید ترین کمپیوٹرز پر مشتمل نئی آئی ٹی لیب کا بھی افتتاح کیا۔آئی ٹی لیب سے نا صرف طلبا ء و طالبات کی بڑھی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوئشن ایجنسیETEA جیسی نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں کوآن لائن ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ نئی آئی ٹی لیب میں کمپیوٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گاتاکہ طلبا و طالبات کی ضروریات پورا کرتے ہوئے دیگر اداروں تک خدمات کا دائرہ بڑھایا جا سکے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈین، پروفیسرز اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔