Skip to content

ضلع کی حدود میں چئیر لفٹوں کے اجازت نامے معطل،تین دن میں رپورٹ طلب

شیئر

شیئر

تورغر میں غیر محفوظ چیئر لفٹوں کا نوٹس، تحصیل سطح پر معائنہ کمیٹیاں تشکیل

تورغر (26 اپریل 2025): ڈپٹی کمشنر تورغر نے ضلع بھر میں چلنے والی غیر محفوظ چیئر لفٹوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تحصیل سطح پر معائنہ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ یہ اقدام گزشتہ روز نصرت خیل میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ اور چیئر لفٹوں کے حفاظتی معیار کے حوالے سے عوامی شکایات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفس تورغر سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق، تحصیل وائز معائنہ کمیٹیاں اسسٹنٹ کمشنر/اے اے سی (متعلقہ تحصیل) کی سربراہی میں کام کریں گی، جن میں تحصیل میونسپل آفیسر، سب ڈویژنل آفیسر سی اینڈ ڈبلیو، ریسکیو 1122 کا نمائندہ اور مقامی پولیس کا نمائندہ بطور ممبر شامل ہوں گے۔

ان کمیٹیوں کےTerms of Reference (TORs) میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ تحصیلوں کے اندر چلنے والی تمام چیئر لفٹوں کا تفصیلی معائنہ کریں گی۔ اس معائنے میں چیئر لفٹوں کی ساخت، حفاظتی معیارات، دیکھ بھال کا طریقہ کار اور آپریٹنگ طریقہ کار شامل ہوگا۔

کمیٹیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک جامع رپورٹ مرتب کریں جس میں ہر چیئر لفٹ کی فٹنس کی صورتحال، آپریشن کے حوالے سے سفارشات اور اگر کوئی مستقل مرمت یا تبدیلی ضروری ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی چیئر لفٹ کو ضلعی انتظامیہ سے پیشگی کلیئرنس حاصل کیے بغیر دوبارہ شروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کمیٹیاں اس بات کو بھی یقینی بنائیں گی کہ مقامی کمیونٹی کو غیر منظم چیئر لفٹوں سے منسلک خطرات سے آگاہ کیا جائے۔

معائنہ کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی معائنہ رپورٹ تین (03) دن کے اندر مثبت طور پر جمع کرائیں۔ حکم نامے میں اس بات پر سختی سے زور دیا گیا ہے کہ ان احکامات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔

اس حکم کی ایک نقل کمشنر ہزارہ ڈویژن ایبٹ آباد اور پی ایس ٹو ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ، خیبر پختونخوا کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر تورغر کے اس بروقت اقدام سے توقع کی جا رہی ہے کہ ضلع بھر میں چیئر لفٹوں کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے گا۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تورغر کے رہائشیوں کا سوال ہے کہ اس طرح کے اقدامات کسی بھی حادثہ کے بعد ہی کیوں اٹھائے جاتے ہیں کیا کسی حادثہ کے پہلے متعلقہ محکموں کو اپنی زمہ داریاں یاد نہیں رہتیں یا وک ایسے حادثات کا انتظار کرتے ہیں ؟

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں