قاضی بلال
بنچ اور بار کا چولی دامن کا ساتھ ہے. عوام کو سستا و فوری انصاف فراہمی کے لئے عدلیہ اور وکلاء کو مل کر بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے گذشتہ روز ضلع مانسہرہ میں نئی کورٹس کی تعمیر کی افتتاحی تقریب کے بعد ڈسٹرکٹ بارروم مانسہرہ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈسٹرکٹ کورٹس مانسہرہ میں نئی عدالتی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ان کے ہمراہ ایبٹ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس فہیم ولی خان۔ رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ بھی موجود تھے۔ ضلعی عدلیہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعدیہ ارشد نے دیگر ججز کے ہمراہ چیف جسٹس کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں مانسہرہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں وہ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ حافظ محمد نسیم خان، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ابرار احمد خان ایڈووکیٹ اور سینیئر وکلاء کے ہمراہ ڈسٹرکٹ بارروم مانسہرہ پہنچے۔ وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کا لیزان بہترین جا رہا ہے ڈسٹرکٹ بار کی لائبریری کو اپ گریڈ کرنے کے مطالبہ پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اس کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا اور صدر ڈسٹرکٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار مانسہرہ کے وکلاء کی طرف سے شاندار استقبال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت وکلاء کے لئے حاضر ہیں۔