تورغر
جدباء ٹو تھاکوٹ روڈ پر سپین کمر کالو کڑہ کے مقام پر کیری ڈبہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی، دو خواتین سمیت چار افراد زخمی
تورغر کے علاقے سپین کمر کالو کڑہ میں آج ایک گاڑی (کیری ڈبہ) لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین اور دو مرد زخمی ہوگئے۔ گاڑی شگئی امیر زادہ باچا کی تھی، جو شگئی سے جدباء جاتے ہوئے سپین کمر کالو کڑہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی۔ گاڑی میں ڈرائیور سمیت 8 افراد سوار تھے۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو فوری طور پر ضلعی ہیڈکوارٹر جدباء بی ایچ یو منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ طبی عملے کے مطابق، زخمی ہونے والی دو خواتین کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے بٹگرام ریفر کردیا گیا۔
یہ حادثہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیش آیا، جس کے باعث پہاڑوں سے مٹی اور پتھر کھسکنے سے سڑک بند ہوگئی، اور آمد و رفت شدید متاثر ہوئی۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ سڑک کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عوام الناس سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے وقت خصوصی احتیاط برتیں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔
رب نواز یوسفزئی ضلع تورغر