گزشتہ روز تورغر پولیس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھاجس میں ڈرائیور سمیت 11 اہلکار زخمی ہوئے تھے اور تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا تھا۔
یہ حادثہ گزشتہ روز ضلعی ہیڈکوارٹر جدباء کے قریب چیر روڈ پر پیش آیا، جہاں پولیس کی گاڑی گاؤں چیر جاتے ہوئے اچانک حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثہ شام 4 بجے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 11 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے فوری بعد تھانہ جدباء کے ایس ایچ او بمعہ پولیس نفری ریسکیو 1122 ٹیموں اور پاک فوج کے جوان اور بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے بی ایچ یو جدباء اور الزیب میڈیکل ہیلتھ سینٹر جدباء میرہ گی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد 8 شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے بٹگرام منتقل کردیا گیا، جبکہ 3 زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کیا گیا۔ان زخمیوں میں سے فیض محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ جدباء ثاقب فراز پولیس نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او تورغر سید مختار شاہ، ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان، ایس پی انوسٹی گیشن شاہ نواز خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر فیصل خان اور دیگر حکام بھی موقع پر موجود رہے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔
امدادی اہلکاروں نے 10 زخمیوں کو فوری نکال لیا، جبکہ ایک پولیس اہلکار تاج نواز گاڑی کے نیچے دب گیا تھا۔ ریسکیو ٹیموں پاک آرمی کے جوانوں اور ایس پی انوسٹی گیشن ایس ایچ او تھانہ جدباء اور پولیس اہلکار اور عوام نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ایسکویٹر کی مدد سے انہیں بحفاظت نکال لیا۔ اطلاعات کے مطابق، اس اہلکار کی ٹانگ میں فریکچر ہوا ہے اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔