ریجنل انفارمیشن آفیسرایبٹ آباد اور چیئرمین الیکشن ٹریبونل اکرام اللہ سعید نے لیبر کورٹ ہری پور کے احکامات کے تحت ہری پور پریس کلب کی کابینہ کے انتخابات کے لئے نیا شیڈول جاری کر دیا ۔شیڈول کے مطابق، نامزدگی فارم 6 دسمبر 2024 بروز جمعہ کو ہری پور پریس کلب میں صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک فراہم کیے جائیں گے۔ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 12 دسمبر 2024 بروز جمعرات کو صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔ جانچ پڑتال اور فارم کی واپسی 17 دسمبر 2024 بروز منگل کو دوپہر 2 بجے تک مکمل کی جائے گی، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 19 دسمبر 2024 بروز جمعرات کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک تیار کی جائے گی۔ پولنگ 24 دسمبر 2024 بروز منگل کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہری پور پریس کلب کی عمارت میں منعقد ہوگی، اور پولنگ کے نتائج کا اعلان اسی روز کیا جائے گا۔ لیبر کورٹ ہری پور کے حکم مورخہ 16 نومبر 2024 کے تحت ہری پور پریس کلب کے وہ رجسٹرڈ 66 اراکین، جن کی فہرست فارم سی سمیت رجسٹرار ٹریڈ یونین کے ساتھ رجسٹریشن کے وقت جمع کرائی گئی تھی انتخابی عمل میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ انتخابات پریس کلب کے صدر، جنرل سیکریٹری، سینئر نائب صدر، نائب صدر اول، نائب صدر دوم، جوائنٹ سیکریٹری، فنانس سیکریٹری، انفارمیشن سیکریٹری، اور آفس سیکریٹری کے عہدوں کے لیے منعقد کیے جائیں گے۔لیبر کورٹ ہری پور کے حکم کے تحت قائم کردہ الیکشن ٹریبونل جن کے دوسرے ممبران میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ہری پورڈاکٹر عادل ایوب اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہری پوراسد سعید خان شامل ہیں اور معزز عدالت کو رپورٹ پیش کرے گا۔جبکہ سردار نوید عالم سابقہ صدر ایبٹ آباد پریس کلب اور ملک جبران عظمت ایڈوکیٹ انتخابی عمل میں بطور ابزرورزشریک ہوں گے