Skip to content

نیشنل رحمت العالمین و خاتم النبین اتھارٹی(NRKNA) کے وفد نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا

شیئر

شیئر

مانسہرہ (ہینڈآؤٹ) سیرت نبویۖپر تحقیق اور اس کے ذریعے نوجوانوں کے کردار کی تعمیر کے لئے قائم کردہ وفاقی ادارہ نیشنل رحمت العالمین و خاتم النبین اتھارٹی(NRKNA) کے وفد نے چیئر مین خورشید احمد ندیم کی قیادت میں ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا۔وفد میں NRKNAکے ڈائریکٹر جنرل ظفر محمود ملک بھی شامل تھے۔اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون و مشترکہ سرگرمیوں کے لئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔باہمی تعاون کی دستاویز کے مطابق NRKNAاور یونیورسٹی کی فیکلٹی و طلبا تحقیق اور میڈیا سمیت مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے سیرت ۖ کے اسباق کو فروغ دیں گے جبکہ سیرت کی تعلیمات سے نوجوانوں آراستہ کرنے کے لئے رحمت العالمین یوتھ کلب قائم کیا جائے گا ۔ایم او یو کی مزید تفصیلات کے مطابق دونوں ادارے یونیورسٹیوں کے لئے ایک مشترکہ قومی پلیٹ فارم کی راہ ہموار کریں گے تاکہ حیات طیبہ ۖکی روشنی میں قومی تعمیر کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں جبکہ سیرت چیئرز کے حوالے سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد NRKNA کی ہدایات پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے گا۔پانچ سالہ ایم او یو کے تحت ہزارہ یونیورسٹی سیرت النبی ۖکے مختلف پہلوؤں اور دیگر متعلقہ موضوعات پر ورکشاپس، سیمینارزاور کانفرنسز کا انعقادکرے گی جبکہ عصر حاضر کے سماجی چیلنجوں سے نمٹنے ، عدم رواداری اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے کاوشوں کو تیز کیا جائے گا ۔NRKNAکے چیئر مین خورشید احمد ندیم نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کے قیام کا مقصد نبیۖ کی سیرت طیبہ کو اجاگر کرتے ہوئے اس کی روشنی میں نوجوانوں کی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلی لانا اورنبی ۖکی عملی زندگی سے قومی کردار سازی سمیت سماجی، معاشی اور سیاسی اخلاقیات اور اقدار کی شناخت کرنا اور انہیں فرد کی زندگی میں شامل کرنا ہے جس کے لئے NRKNAقومی سطح پر مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔نیشنل رحمت العالمین و خاتم النبین اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ظفر محمود ملک نے کہا کہ NRKNAکے تحت ملک کی مختلف یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر قائم کی جائیں گی اور اس حوالے سے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے NRKNAکے ساتھ ایم او یو کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں و اضلاع سے تعلق رکھنے والے 10000سے زائد طلباء و طالبات یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیںجنہیں سیرت نبویۖ کی روشنی سے منور کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار محبت خان، ڈائریکٹر ORICڈاکٹر مسرور بنگش اور منیجر ORICڈاکٹر زبیر عالم خان سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں