خیبر پختونخواہ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کا تعارفی اجلاس اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیٔرمین ایم پی اے ملک عدیل اقبال نے کی۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین بشمول ایم پی اے اور ڈیڈک چیٔرمین پشاور شیر علی آفریدی، ایم پی اے شفیع جان، افتخار اللہ، حاجی فضل الٰہی، اور حاجی زاہد اللہ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے سیکرٹری ارشد خان اور دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔سیکرٹری اطلاعات ارشد خان نے محکمہ کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران مختلف پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ عوام تک بروقت اور درست معلومات پہنچانے کے لیے محکمہ کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔چیٔرمین کمیٹی ملک عدیل اقبال نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ کو استعمال کرتے ہوئے عوام تک بروقت اور مصدقہ معلومات پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔