ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس مانسہرہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکموں اور افسران کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوامی پورٹل اور آن لائن سسٹمز پر ہونے والے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر خالد اقبال نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو بروقت حل کیا جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی اور حکومتی نظام میں بہتری لانے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے اہداف جلد حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس کے دوران سرکاری افسران نے اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی اور عوام کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اپنے منصوبے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے کاموں میں مزید بہتری لانے کے لیے کوشاں رہیں۔