چیف سیکرٹری خیبر پختونخواندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ناران میں اس وقت کسی قسم کی خوراک کی کمی نہیں ہے. ضلعی انتظامیہ مانسہرہ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔اسی سلسلے میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ سیاحتی مقام ناران میں کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے وادی کاغان کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ساتھ کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام’ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ڈاکٹر عدنان خان ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سمیت دیگر انتظامی افسران بھی شریک تھیمہانڈری کے مقام پر کچھ روز قبل سیلابی ریلے کے باعث پل ٹوٹنے کی وجہ سے ناران اور کاغان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اس موقع پر متاثرہ مقام کا دورہ کیا انہوں نے کہا مانڈری پل کا کام جلد ہی مکمل کر دیا جائے گا۔ عارضی پل جلد مکمل کر دیا جائے گا لیکن مستقل پل کو مکمل ہونے میں چھ سے سات دن لگیں گے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس مقام سے جلد ریت اور پتھروں کو صاف کر دیا جائے گا ناران ویلی سے زیادہ تر سیاحوں کا انخلا کیا جا چکا ہے ابھی صرف 800 کے قریب سیاح ناران میں موجود ہیں جنہیں خوراک اور رہائش جیسی سہولیات میسر ہیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ناران کا رابطہ مکمل طور پر کٹ اف نہیں ہوا اس کا متبادل راستہ شاہرا ہ قرا قرم سے موجود ہے۔
قبل ازیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آ ف پولیس اختر حیات خان نے جمعہ کے روز کمشنر ہاؤس ایبٹ آباد کا دورہ کیا،اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے انہیں خوش امدید کہا۔دورے کے موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی خیبر پختونخوا نے ہزارہ ڈویژن میں جاری مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے دیودار کا پودا لگایا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ جنگلات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی حفاظت اور نگہداشت ہم سب کی ذمہ داری ہے ہم سب کو مل کر اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر اور ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن سیاحت کے لحاظ سے ایک اہم خطہ ہے اور ہر سال بے شمار سیا ح یہاں آکر خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر آئندہ نسلوں کے لیے ایک خوشگوار ماحول فراہم کریں اور اس طرح ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار بھی ادا کرسکیں۔
تقریب کے آخر میں کمشنر ہزارہ ڈویژن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو تحائف پیش کیے۔اس موقع پرڈی ائی جی ہزارہ ڈویژن طاہر ایوب خان’ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال’ ڈی پی او ایبٹ اباد، چیف کنزرویٹر فارسٹ اور دیگر بھی موجود تھے.