وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت وثقافت زاہد چن زیب نے تحصیل
بالاکوٹ اور کاغان ویلی کے تفصیلی دورہ کے دوران محکمہ سیاحت کے تحت مختلف ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا۔ مقامی ایم پی اے منیر لغمانی، ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد شبیر، محکمہ سیاحت کے چیف پلاننگ آفیسر سید زین علی شاہ گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ سیدہ بشارت شاہ، کائٹ پراجیکٹ کے افسران اور دیگر حکام کے علاؤہ عمائدین علاقہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ زاہد چن زیب نے دریائے کنہار کے کناروں پر سیاحتی مقامات کے علاؤہ گھنول سائٹ اور منور ویلی روڈ پر کام کا بطور خاص جائزہ لیا جس کے دوران انہوں نے بعض سکیموں کی وقت مقررہ میں عدم تکمیل پر انتہائی برہمی اور خفگی کا اظہار کیا اور ان سڑکوں کی تعمیر سمیت تمام سیاحتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شاہراہوں کی تعمیر کا سیاحت کی ترقی میں کلیدی کردار ہوتا ہے تاکہ سیاحوں کیلئے ان پرفضا مقامات کا سفر آسان بنایا جائے اور سیاحتی علاقوں کی کشش میں اضافہ ہو۔ مشیر سیاحت نے مزید واضح کیا کہ وہ صوبہ بھر میں سیاحتی مقامات کا اچانک دورہ کریں گے جس کے دوران وہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف موقع پر تادیبی کاروائی سے گریز نہیں کریں گے۔