کراچی سے پی ٹی آئی کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی ساجد میر نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب سے ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور ان سے دونوں صوبوں کے عوامی مسائل و مشکلات کے ازالہ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ساجد میر نے جن کا اپنا آبائی تعلق بھی مشیر سیاحت کے حلقہ نیابت مانسہرہ سے ہے، کراچی میں روزگار اور تعلیم کے سلسلے میں مقیم خیبرپختونخوا بالخصوص مانسہرہ کے باشندوں کو انکے اپنے آبائی علاقوں میں درپیش بعض مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت کی معاونت کی درخواست کی۔ زاہد چن زیب نے ان عوامی مسائل کا جائزہ لینے اور ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کا یقین دلایا۔ مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قومی یک جہتی کی علمبردار سیاسی جماعت ہے جو پارٹی کے بانی عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور پاکستان کو اسلامی جمہوریہ کے طور پر عالمی برادری اور امت مسلمہ میں باوقار مقام دلانے کیلئے مصروف عمل ہے۔ ہماری جماعت پورے ملک کے عوام کو جمہوریت کے ثمرات سے مستفید کرنے کیلئے پورے صبر و استقامت سے کوشاں ہے جبکہ اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے عمران خان اور دیگر ہزاروں کارکنان نے طویل قید و بند کی صعوبتوں سے گذرنے کے علاؤہ لازوال قربانیاں دی ہیں حتی کہ اس راہ میں ہمارے سینکڑوں کارکنان کو جام شہادت بھی نوش کرنا پڑا اور خواتین تک کو جیلوں میں ڈالا اور اذیتوں سے گزرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین یہ قربانیاں قوم کے روشن مستقبل کیلئے دے رہے ہیں اور ہماری یہ قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 80 سے زائد مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہماری طویل جانی و مالی قربانیوں کا ثمر ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب تمام قومی اداروں کو ہمارے خلاف استعمال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔ ساجد میر نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کو حق کی فتح قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عنقریب پی ٹی آئی مرکز میں دوبارہ برسراقتدار آکر قومی امنگوں کی تکمیل کرے گی اور ملک کو درپیش بحرانوں کو ایک ایک کرکے حل کرے گی۔ ساجد میر کا کہنا تھا کہ ملک کے دوسرے حصوں کی طرح سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سات ارکان اسمبلی جمہوری اقدار کے فروغ اور آئین کی بالادستی سمیت عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کسی بھی قربانی دریغ نہیں کریں گے۔