پاکستان کے دوست اور برادر اسلامی ملک ترکیہ کی سرکاری تنظیم Turkish Cooperation and Coordination Agency (TIKA)کے مالی و فنی تعاون سے ہزارہ یونیورسٹی کے آرکیٹیکچر ڈیپارٹمنٹ میں جدید ترین Building Information Modelling Labقائم کر دی گئی۔ دو کروڑ روپے سے زائدلاگت سے تعمیر ہونے والی لیبارٹری میں جدید ترین کمپیوٹر سسٹم اور سافٹ ویئر سمیت متعدد سائنٹفک سہولیات فراہم کی گئیں ہیں
جس سے شعبہ آرکیٹیکچر میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو فن تعمیر میں استعمال ہونے والی جدید ترین ٹیکنالوجی میئسر آگئی ہے ۔اس سلسلے میں لیبارٹری کے افتتاح اور دیگرترقیاتی منصبوں کا جائزہ لینے لئے وائس پریذیڈنٹ Umit Naci Yorulmaz کی قیادت میں TIKAکے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا۔TIKAکے وائس پریذیڈنٹ نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہBIMکا قیام ترکیہ کی طرف سے ہزارہ یونیورسٹی کے لئے تحفہ ہے اور اس سے آرکیٹکچر کے طلباء و طالبات کو تعمیراتی شعبے میں جدید رجحانات کو اپنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت گذرنے کے ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید خوشگوار بنانے کے لئے TIKAبھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور اس ضمن پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اپنے قیام سے اب تک TIKAپاکستان سمیت دنیا کے 170ممالک میں 30000سے زائد ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کر چکی ہے
اور TIKAکے ذریعے سالانہ 2000مختلف پراجیکٹس کو مکمل کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے تعلیم کا شعبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور اس میدان میں ہزارہ یونیورسٹی کے علاوہ پاکستان کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ترقیاتی منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔اس سے قبل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے ترکیہ کے وفد کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرکیٹکچر ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ اسسٹنٹ پروفیسر میر ولی شاہ کے موثر بین الاقوامی روابط کی بدولت قائم ہونے والی BIMلیب اس خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی جدید ترین لیبارٹری ہے اور یونیورسٹی نے اس کی تعمیر سے آرکیٹکچر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وائس چانسلرنے مزید کہا کہ اس لیبارٹری سے آرکیٹکچر میں زیر تعلیم طلباء و طالبات مستفید ہونگے اوربلڈنگ ڈیزائن وتعمیراتی حوالوں سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔وائس چانسلر نے BIMلیبارٹری کے قیام کے لئے کوششوں پر آرکیٹکچر کے ہیڈ اور اسسٹنٹ پروفیسر افتخار علی کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ TIKAکے تعاون سے یونیورسٹی میں قائم ملٹی پرپس ہال کی اپ گریڈیشن اور ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلیٹی ڈیپارٹمنٹ میں Kitchen Labبھی قائم کی جائے گی ۔