ویلفیئر ایسوسی ایشن جرید اور ہزارہ اباسین نیٹ ورک نے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک پاکستان کے زیر اہتمام31مئی 2024کو ہزارہ یونیورسٹی کیمپس بٹگرام میں طلبہ و طالبات کے لیے مکالمہ کا انعقادکیا گیا۔ جس میں ہزارہ یونیورسٹی کے پروفیسرصاحبان کے ساتھ ساتھ طلبہ اور طالبات ، ویلفیئر ایسوسی ایشن جریدکے ڈائیریکٹر عمر جاوید صاحب اور ہزارہ اباسین نیٹ ورک کے ممبر نیاز خان نے بھی شرکت کی ۔ مکالمہ کے دوران شرکاء نے ویلفیئر ایسوسی ایشن جرید کو اپنی قیمتی آراء سے آگاہ کیا۔ مکالمہ کا مقصد یہ تھا کہ موجودہ حالات کے دوران نوجوانوں کو کن کن مشکلات و مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے کو ن کون سے فورم موجو د ہیں جو ہمارے نوجوانوں کی آواز کو آگے تک لے جا کر ان کے مسائل کو حل کرواتے ہیں اور نوجوانوں کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ آئندہ آنے والے بجٹ 2025-2024میں نوجوانوں کو کون کون سی سہولیات درکار ہیں تاکہ نوجوانوں کا آنے والا مستقبل بہتری کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
کسی بھی ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوتا ہے اگر نوجوانوں کی بہتر تربیت کی جائے تو وہ ملک کا مستقبل سنوار سکتے ہیں ۔ اس حوالے سے ہزارہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے ویلفیئر ایسوسی ایشن جرید اور ہزارہ اباسین نیٹ ورک کے نمائندگان کو درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور ساتھ ساتھ اس بات پر زور دیا کہ حکومت ترجیجی بنیادوں پر ان کے مسائل پر نظر ثانی کرتے ہوئے ان کو حل کرے اور آنے والے بجٹ میں ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مخصوص رقم مختص کرے ۔ مکالمہ کے دوران طلبہ وطالبات نے حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ ملک میں تعلیمی بجٹ کو بڑھا کی کم از کم ٹوٹل ملک کے بجٹ کا 10فیصد رکھا جائے تا کہ ایک غریب مزدور کا بچہ /بچی یونیورسٹی میں مفت تعلیم حاصل کر سکے ۔ ہمارے ملک میں غربت کی وجہ سے غریب شخص کا بچہ /بچی سیکنڈری یا ہائیر سیکنڈری تعلیم سے آگے نہیں پڑھ پاتا کیونکہ سرکاری یونیورسٹیوں میں تعلیم اب مفت نہیں ہے۔ ملکی سطح پر سکالر شپ برائے نام دی جاتی ہیں جو کہ نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ صحت کارڈ کر طرح سٹوڈنٹس کے لیے بھی سٹوڈنٹ کارڈ ایشو کیا جائے جس میں سٹوڈنٹ کی انشورنس کروائی جائے ۔ اس طرح کی بہت سی تجاویز طلبہ و طالبات نے ویلفیئر ایسوسی ایشن جرید اور ہزارہ اباسین نیٹ ورک کے نمائندگان کو دیں اور ویلفیئر ایسوسی ایشن جرید کے ڈائیریکٹر عمر جاوید صاحب نے طلبہ و طالبات کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کا چارٹر آف ڈیمانڈ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک پاکستان اور اسمبلی نمائندگان کے ذریعے ایوان تک ضرور پہنچائیں گے۔