Skip to content

چائے کے قومی دن کی مناسبت سے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے شعبہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹلٹی نے حکومتی و نجی اداروں کے اشتراک سے 5ویں سالانہ Tea Garden Festivalکا انعقاد کیا۔

شیئر

شیئر

فیسٹیول کا مقصد چائے کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ،چائے سے وابستہ صنعت اور اسکی تجارتی اہمیت سے عام لوگوں کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرطارق تنویر نے کہا کہ چائے کی سیاحت سے پاکستان سالانہ اربوں روپے کما سکتا ہے اور اس شعبے میں ٹورازم سمیت چائے کی کاشت کے فروغ سے قومی سطح پر ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائے کی کاشت والے ممالک چائے کی برآمد کے ساتھ اس کو سیاحتی حوالوں سے فروغ دے کر معاشی خود کفالت حاصل کر چکے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کئی چھوٹے ممالک صرف اپنے مقامی فیسٹیول کو اجاگر کرکے دنیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں لہٰذا ہمیں چاہئے کہ پاکستانی کاشتکار کو چائے سمیت دیگر زرعی سرگرمیوں کی برانڈنگ میں بھرپور معاونت اور تکنیکی مدد فراہم کریںتاکہ Agri-Tourismکو ترقی دے کر ملک کو معاشی طور پر خوشحال کیا جا سکے۔ سی ای او طارق تنویر نے کہا کہ شنکیاری چائے کی کاشت اور ایگری ٹورازم میں ملکی و بین الاقومی سطح پر Tourism Destinationبننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جس کے لئے ایگری ٹورازم ڈویلپمنٹ اور ہزارہ یونیورسٹی کے مابین تعاون کو بڑھایا جا رہا ہے ۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اس علاقے میں سیاحت کی ترقی کے لئے مربوط کوششوں کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہے اور اس حوالے سے یونیورسٹی کے اندر تمام تر سہولیات سے آراستہ جدید گیسٹ ہاؤس کی تعمیراور شعبہ سیاحت و مہمان نوازی کا حکومتی و نجی اداروں کے ساتھ تعاون کے تحت متعدد چھوٹے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے

وائس چانسلر نے کہا کہ صرف چائے کی درآمد پر سالانہ اربوں روپے کا کثیرزرمبادلہ صرف ہو رہا ہے جس سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ حکومت چائے کی مقامی پیداوار میں اضافے کیلئے کسانوں کی سرپرستی کرے تاکہ پاکستان صارف کے بجائے برآمد کنندگان کی فہرست میں شامل ہو سکے۔پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کہا کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں کے بل پر آگے بڑھنا ہے تاکہ خودکفالت کی منزل حاصل کی جاسکے۔انہوں نے ٹی گارڈن فیسٹیول کے انعقاد پر شعبہ ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی کے ہیڈ ڈاکٹر محمد انس اور فیکلٹی ممبر محمد عالم کی کاششوں کو سراہا۔ٹی فیسٹیول میں نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ شنکیاری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بشارت حسین،سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے سی ای او صاحبزادہ جواد الفیضی اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسرعالم زیب خان سمیت دیگر نجی کمپنیوں کے عہدیدران موجود تھے ۔فیسٹیول میں مختلف این جی اوز اور کمپنیوں نے چائے اورگھریلو دستکاری سمیت کھانے پینے کی مختلف اشیاء کے سٹالز بھی لگائے جس میں یونیورسٹی طلباء و طالبات سمیت ، پرائیویٹ سکولوں کے بچوںاور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں