ایبٹ آباد: تھانہ بگنوتر کی حدود میں نرسری جماعت کی کمسن بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کا واقعہ سامنے آنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق بچی کا طبی معائنہ کرایا گیا، جس میں مبینہ زیادتی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
ڈاکٹر کے مطابق بچی کو آنے والا زخم کسی نوک دار چیز یا ناخن وغیرہ لگنے کے باعث بھی ہوسکتا ہے۔ واقعے کی حساسیت کے پیش نظر ایس پی حویلیاں اور ایس پی انویسٹی گیشن ایبٹ آباد کی زیر نگرانی خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ چار مختلف ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے، تفتیش اور دیگر اہم امور پر کام کر رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق کسی بھی قسم کے شک و شبہ کو دور کرنے اور مزید طبی شواہد حاصل کرنے کے لیے بچی کو گائناکالوجسٹ سے تفصیلی طبی معائنے کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔
پولیس واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات کر رہی ہے اور تمام قانونی و فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور وہ بحفاظت اپنے والدین کے پاس موجود ہے۔
واقعے میں کسی بھی فرد کے خلاف کارروائی ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی، جبکہ کیس میں پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھا جائے گا۔
