اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی گائنی وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 14 نومولود جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچے کو بچا لیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ نرسری میں ایئرکنڈیشنر کے کمپریسر میں خرابی کے باعث لگی۔ پمز حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 15 سے 16 نومولود موجود تھے، جن میں سے ایک کو ڈاکٹر نے بحفاظت نکال لیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری رہا۔ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ ناقابلِ تلافی نقصان ہے، اس کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی نومولود بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ حکام اسپتال میں موجود ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں۔
