دعویٰ:
سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ 2026 کے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت اور پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ دعویٰ ہزارہ کے مختلف سوشل میڈیا پیجز، بعض صحافیوں اور یونیورسٹی اساتذہ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔
یہ پوسٹ یہاں اور یہاں شیئر کی گئی ہے اور ایسی پوسٹوں کو سینکڑوں افراد نے کمنٹس اور شئیر کیا ہے۔
حقیقت کیا ہے؟
یہ دعویٰ درست نہیں۔
ہزارہ ایکسپریس نیوز نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے متعلقہ ذرائع سے رابطہ کیا، جنہوں نے امیدواروں کے لیے کسی مخصوص تعلیمی قابلیت یا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیے جانے کی خبر کی تردید کی ہے۔
خیبر پختونخوا کے موجودہ بلدیاتی قوانین میں امیدواروں کی اہلیت کے لیے مختلف شرائط موجود ہیں، تاہم کسی مخصوص تعلیمی ڈگری یا تعلیمی قابلیت کو لازمی قرار دینے کی شرط موجود نہیں۔ موجودہ انتخابی قواعد میں امیدوار سے اپنی اہلیت پوری کرنے کا حلف نامہ اور دیگر مقررہ دستاویزات طلب کی جاتی ہیں۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں کے لیے نئی تعلیمی شرط عائد کرنا محض الیکشن کمیشن کے کسی سوشل میڈیا بیان یا انتظامی فیصلے سے ممکن نہیں؛ ایسی اہلیت کا تعین متعلقہ قانون کے ذریعے ہوتا ہے۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت ہر صوبہ قانون کے ذریعے مقامی حکومت کا نظام قائم کرتا ہے، جبکہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے۔
اس لیے اگر مستقبل میں بلدیاتی امیدواروں کے لیے کوئی نئی تعلیمی قابلیت مقرر کی جاتی ہے تو اس کے لیے متعلقہ قانون میں باقاعدہ قانونی ترمیم یا قانون کے تحت مجاز اقدام ضروری ہوگا۔ صرف سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی پوسٹ کو ایسی قانونی شرط کا ثبوت نہیں سمجھا جا سکتا۔
اسی طرح دستیاب قواعد میں ایسی کوئی نئی ہدایت سامنے نہیں آئی جس کے تحت خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے ہر امیدوار کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمیقرار دیا گیا ہو۔
خیبر پختونخوا میں 2026 کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن انتخابی عمل اور حلقہ بندیوں سے متعلق کارروائی آگے بڑھا رہا ہے۔ جولائی 2026 میں الیکشن کمیشن نے 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کی تکمیل اور صوبائی حکومت کے ساتھ انتخابی تاریخ سے متعلق مشاورت کی تصدیق کی تھی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ دعویٰ کہ خیبر پختونخوا کے 2026 بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے لیے تعلیمی قابلیت اور پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیے گئے ہیں، غلط/گمراہ کن ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بٹگرام محمد حامد نے بھی ہزارہ ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امیدواروں کے لیے ایسی کسی نئی شرط کی تردید کی ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعووں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ہزارہ ایکسپریس نیوز — فیکٹ چیک
خبر شیئر کرنے سے پہلے تصدیق ضرور کریں۔