Skip to content

فردِ اراضی کیسے حاصل کریں؟ خیبر پختونخوا میں زمین کا ریکارڈ لینے کا آسان طریقہ

شیئر

شیئر

زمین کی خرید و فروخت ہو، وراثت کا معاملہ ہو، بینک سے قرض لینا ہو یا اپنی ملکیت کا ریکارڈ چیک کرنا ہو، فردِ اراضی یا فردِ ملکیت ایک اہم دستاویز سمجھی جاتی ہے۔ لیکن عام شہری کے لیے یہ سوال ہمیشہ موجود رہتا ہے کہ فرد کہاں سے حاصل کی جائے، درخواست کیسے دی جائے اور اگر متعلقہ دفتر ریکارڈ فراہم کرنے میں تاخیر کرے تو شہری کے پاس کیا راستہ ہے؟

خیبر پختونخوا میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے بعد فرد کے حصول کے لیے سروس ڈیلیوری سینٹرز (SDCs) قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو زمین کے ریکارڈ سے متعلق مختلف خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ سرکاری محکمہ مال کے مطابق سروس ڈیلیوری سینٹر روایتی لینڈ ریکارڈ کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ نظام میں تبدیل کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔

فرد کیا ہے؟

فرد دراصل سرکاری لینڈ ریکارڈ سے حاصل کیا جانے والا ایسا ریکارڈ ہے جس میں کسی زمین کی ملکیت اور متعلقہ اندراجات کی معلومات موجود ہوتی ہیں۔ کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے شہری کو زمین کے ریکارڈ تک زیادہ آسان اور شفاف رسائی فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے محکمہ مال کے مطابق کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ میں فرد، انتقال اور فردِ بدر سمیت مختلف لینڈ ریکارڈ سروسز شامل ہیں۔

فرد کہاں سے حاصل کی جا سکتی ہے؟

شہری اپنے متعلقہ علاقے کے سروس ڈیلیوری سینٹر (SDC) سے فرد حاصل کرسکتا ہے۔ محکمہ مال کے مطابق SDC میں شہری کی درخواست پر فرد جاری کرنے کی سہولت موجود ہے اور ڈیجیٹل نظام کے باعث ریکارڈ تک رسائی کو تیز اور شفاف بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔محکمہ مال نے اب فرد اور انتقال کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ سرکاری ویب سائٹ پر شہری فرد/انتقال کے لیے اپائنٹمنٹ بک کرنے اور اس کا اسٹیٹس معلوم کرنے کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مارچ 2026 میں حکومت نے نادرا ای سہولت فرنچائزز کے ذریعے ڈیجیٹل فرد جاری کرنے کا SOP بھی جاری کیا، جس کے تحت شہریوں کو ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ تک مزید آسان رسائی فراہم کرنے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

فرد حاصل کرنے کا طریقہ

فرد حاصل کرنے کے لیے شہری کو متعلقہ سروس ڈیلیوری سینٹر سے رجوع کرنا ہوتا ہے۔ وہاں زمین کے متعلق ضروری معلومات فراہم کرکے درخواست دی جاتی ہے۔ ریکارڈ کی تصدیق اور مقررہ طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد فرد جاری کی جاتی ہے۔

اگر شہری آن لائن سہولت استعمال کرنا چاہتا ہے تو محکمہ مال کی ویب سائٹ پر Fard/Mutation Online Appointment کی سہولت موجود ہے۔

فرد کے نظام سے کیا فائدہ ہوا؟

کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ زمین کے ریکارڈ میں ہر مالک کا حصہ فوری طور پر معلوم کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ مال کے مطابق ڈیجیٹل نظام میں ریکارڈ کی بروقت اپ ڈیٹ، بہتر سکیورٹی، شفافیت اور فراڈ کے امکانات میں کمی جیسے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔محکمہ مال کے مطابق سروس ڈیلیوری سینٹرز میں فیس اور سروس کا طریقہ کار پہلے سے طے ہوتا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری تاخیر یا سروس سے انکار جیسے مسائل سے بچانا ہے۔

اگر مقررہ وقت میں فرد جاری نہ ہو تو کیا کریں؟

یہاں رائٹ ٹو پبلک سروسز ایکٹ شہری کے لیے اہم ہوجاتا ہے۔فرد بھی خیبر پختونخوا میں نوٹیفائیڈ پبلک سروسز میں شامل ہے اور رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کی سالانہ رپورٹ میں بھی فرد سے متعلق شکایات اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ شامل کیا گیا ہے۔ 2025 کی رپورٹ کے مطابق ریونیو محکمے کے خلاف آنے والی شکایات میں فرد کے اجرا میں تاخیر بھی شامل تھی۔

اگر شہری نے مقررہ طریقہ کار کے مطابق فرد کے لیے درخواست دی ہے لیکن متعلقہ دفتر مقررہ مدت میں سروس فراہم نہیں کرتا تو شہری کے پی آر ٹی ایس کے تحت شکایت یا اپیل کے ذریعے داد رسی حاصل کرسکتا ہے۔اس مقصد کے لیے درخواست کی رسید، اپائنٹمنٹ یا ٹوکن نمبر، فیس کی رسید اور دیگر متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھنا ضروری ہے، کیونکہ یہ ریکارڈ شکایت کے وقت کام آسکتا ہے۔

کہاں رابطہ کریں؟

لینڈ ریکارڈ سے متعلق رہنمائی کے لیے خیبر پختونخوا کے محکمہ مال کی ویب سائٹ پر سروس ڈیلیوری سینٹرز، فرد اور انتقال کی آن لائن سہولت دستیاب ہے۔

محکمہ مال کا مرکزی رابطہ نمبر 091-9210328 ہے، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ریکارڈ کے نمبرز 091-9210057 اور 091-9213989 درج ہیں۔

شہری اپنا حق جانیں

زمین کا ریکارڈ ایک حساس معاملہ ہے، اس لیے شہری کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی ملکیت سے متعلق ریکارڈ باقاعدگی سے چیک کرے اور فرد حاصل کرتے وقت اس میں درج معلومات کا جائزہ لے۔اگر سرکاری نظام نے کسی سروس کے لیے وقت مقرر کر رکھا ہے تو شہری کو غیر ضروری انتظار یا بار بار دفتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ درخواست دیں، رسید سنبھالیں، مقررہ مدت کا انتظار کریں اور تاخیر کی صورت میں اپنے قانونی حق کے تحت متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں