Skip to content

مانسہرہ: خاتون کی پراسرار ہلاکت کا معمہ حل، شوہر گرفتار

شیئر

شیئر

مانسہرہ: تھانہ کاغان کی حدود ڈھیری منور میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی پہاڑ سے گر کر ہلاکت کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے مقتولہ کے شوہر رستم ولد دلپزیر کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مسمات (س) نے تقریباً 10 ماہ قبل اہلخانہ کی مرضی کے خلاف رستم سکنہ چھپر ماہلی منور سے نکاح کیا تھا، جس کے بعد خاندان نے دونوں سے تعلق ختم کرلیا تھا۔ مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ رستم اپنی اہلیہ کے ساتھ مبینہ طور پر ناروا سلوک کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق 12 اگست کو اہلخانہ کو اطلاع دی گئی کہ مسمات (س) پہاڑ سے گر کر زخمی ہوئی اور بعد ازاں جاں بحق ہوگئی، تاہم تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ خاتون کو مبینہ طور پر سر میں پتھر مار کر قتل کیا گیا اور واقعے کو پہاڑ سے گرنے کا رنگ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی مبینہ وجہ ملزم کی دوسری شادی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق،ایس ایچ او تھانہ کاغان صداقت خان کی سربراہی میں پولیس اور تفتیشی ٹیم نے تقریباً چار گھنٹے پیدل سفر کرکے دشوار گزار جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے ملزم رستم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی، جس کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کیا اور جائے وقوعہ کی نشاندہی بھی کی۔

پولیس کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اپنی رائے دیں

متعلقہ پوسٹس

دوسری زبان میں ترجمہ کریں