ہلکوٹ
یونین کونسل ہلکوٹ، وی سی کنڈ بالا کی کچی روڈ 2005 میں زیرِ تعمیر ہوئی، جس کے بعد مقامی سطح پر بلدیاتی نمائندوں نے اپنی کوششوں سے کچھ حصے پختہ کروائے۔ لیکن بدقسمتی سے بہترین فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے یہ سڑک ہر بار بارشوں کے بعد دوبارہ خستہ حالی کا شکار ہو جاتی ہے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف گزشتہ 45 سال سے اس علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں، لیکن آج تک وہ عوام کو ایک مکمل اور پختہ روڈ فراہم نہ کر سکے۔ کنڈ بالا، اشوال، ستھان گلی اور ڈیری نمبرداران کی عوام خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔


اگر سابقہ ناظم سردار شاہ قبول روڈ، ستھان گلی روڈ، کنڈ بالا یا اشوال روڈ میں سے کسی ایک کو بھی مکمل طور پر پختہ کر دیا جائے تو یہ عوام کے لیے ترقی کے دروازے کھولنے کے مترادف ہوگا۔ بہتر سڑک نہ صرف روزمرہ زندگی کو آسان بنائے گی بلکہ تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تک رسائی کو بھی ممکن بنائے گی۔
"ہم ہزارہ ایکسپریس نیوز کے ذریعے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف صاحب تک یہ درد بھری آواز پہنچانا چاہتے ہیں کہ آج ہمارے نوجوان سخت مایوسی اور پریشانی کا شکار ہیں۔ سڑکوں کی خستہ حالی ہو یا روزگار کے مواقع، ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔ بار بار فریاد کرنے کے باوجود بھی ہمارے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔
سردار صاحب! یہ نوجوان وہی ہیں جنہوں نے آپ کو اپنے قیمتی ووٹ سے کامیاب بنایا، لیکن آج یہی نوجوان اپنی محرومیوں پر چیخنے پر مجبور ہیں۔ اگر آپ نے ان مسائل پر فوری اور عملی قدم نہ اُٹھایا تو یہ خاموشی عوام کے دلوں میں نفرت اور بیزاری میں بدل سکتی ہے۔
ہم آپ سے دست بستہ اپیل کرتے ہیں کہ اس آواز کو معمولی نہ سمجھیں۔ یہ آواز عوام کی صبر کی انتہا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر، روزگار کی فراہمی اور بنیادی سہولیات ہمارا حق ہے، اور ہم اپنے حق کے لیے کسی صورت خاموش نہیں رہیں گئے