ایبٹ آباد
ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیخلاف اہم رٹ پٹیشن دائر۔ معروف قانون دان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ظہیر خان جدون نے پٹیشنر بلال جدون کی جانب سے رٹ پٹیشن نمبر WP.660-A/2024 دائر کی ہے، جس میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اتھارٹی آئینی اور قانونی مینڈیٹ کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
رٹ پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ:
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2020ء کے تحت قائم ہونے والی اتھارٹی ایڈہاک اور بغیر قواعد و ضوابط کے کام کر رہی ہے۔
ناران میں بےقابو غیرقانونی لینڈ ڈویلپمنٹ جاری ہے جس پر نہ کوئی ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے اور نہ ہی NOC حاصل کی جا رہی ہے۔
ماسٹر پلان، جو کہ اتھارٹی کے بنیادی فرائض میں شامل ہے، تاحال جان بوجھ کر نہیں بنایا گیا۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو خودمختار ادارہ تصور کیا گیا ہے، لیکن منسٹر ٹورازم اور ٹورازم کارپوریشن اسے Attached Department کی طرح چلا رہے ہیں، جو کہ نہ صرف KPK Rules of Business 1973 بلکہ خود KDA Act کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
ایڈووکیٹ ظہیر خان جدون کے مطابق، عدالت میں کئی آئینی نکات اور سوالات اٹھائے گئے ہیں جن کی روشنی میں توقع کی جا رہی ہے کہ عدالت نہ صرف KDA کے دائرہ اختیار اور کام کے طریقہ کار میں بنیادی اصلاحات کا حکم جاری کرے گی بلکہ قانون سے تجاوز کرنے پر سخت اقدامات کا بھی امکان ہے۔
یہ رٹ "پبلک انٹرسٹ لٹیگیشن” (Public Interest Litigation) ہے، اور ایڈووکیٹ ظہیر خان جدون نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جو افراد بھی KDA کی بے ضابطگیوں اور اختیارات کے غلط استعمال سے متاثر ہیں وہ اس رٹ میں شامل ہونے کے لیے ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔