خیبر پختونخوا ڈاکٹرز کونسل (KPDC) کے ایک نمائندہ وفد نے صدر ڈاکٹر عبد الماجد کی قیادت میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم خان سواتی سے اسمبلی سیکریٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف طبی تنظیموں کے سینئر نمائندگان بشمول پروفیسر ڈاکٹر موسیٰ کلیم (صدر ٹیچنگ سٹاف)، ڈاکٹر فضل منان (جنرل سیکرٹری KPDC)، ڈاکٹر جاوید نواب (صدر اسلامک ڈاکٹر فورم)، ڈاکٹر حسین ہارون (صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن)، اور ڈاکٹر دانیال (ترجمان KPDC و نمائندہ اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن) شریک تھے۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی، سجاد اللہ بھی موجود تھے، جبکہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں شعبہ صحت کو درپیش مسائل، ڈاکٹرز کے تحفظات اور جاری احتجاجی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر بابر سلیم خان سواتی نے اس ملاقات کے دوران نمائندہ طبی وفد اور محکمہ صحت کے درمیان رابطہ کار کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں فریقین کے مؤقف کو سنا اور باہمی مفاہمت کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ صحت عامہ سے وابستہ مسائل کے حل اور نظام میں بہتری کے لیے تمام فریقین کو مشاورت اور اشتراک کے جذبے کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔
سپیکر نے محکمہ صحت کے افسران سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے جائز تحفظات پر فوری اور سنجیدہ اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں بہتری کی گنجائش موجود ہے، وہاں اصلاحاتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
اس موقع پر یہ بھی واضح کیا گیا کہ حکومت خیبر پختونخوا شعبہ صحت کی بہتری کو ترجیحی بنیادوں پر لے رہی ہے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
وفد نے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کریں گے بلکہ صوبائی اسمبلی کے فورم پر بھی طبی شعبے کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔