پشاور
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے بھر کے ٹرانسپورٹرز کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اے، بی اور سی کلاس کے روٹ پرمٹس کے ساتھ ساتھ موٹروے روٹس کے اجازت ناموں میں دو سال کی مہلت دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ہزارہ کی متحدہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین قاضی فاروق، صدر محمد علی خان جدون اور جنرل سیکرٹری زاہد خان سواتی کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ٹرانسپورٹ یونین کے رہنما مختلف اجلاسوں میں مسلسل یہ مطالبہ دہراتے رہے کہ تینوں کلاسز کے پرمٹس کی بندش کی وجہ سے صوبے کے ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین قاضی فاروق نے کہا کہ اسپیکر بابر سلیم سواتی نے ٹرانسپورٹرز کے دیرینہ مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے اور دو سال کی چھوٹ کا اعلان کر کے مشکلات کا ازالہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں اس حوالے سے ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے، جو ٹرانسپورٹر برادری کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔ قاضی فاروق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹرانسپورٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کی متحدہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ایک نہایت اہم مسئلے کے حل میں مرکزی کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ ان پرمٹس کی بندش کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو کئی انتظامی اور مالی مسائل کا سامنا تھا، اور اب اس دو سالہ مہلت کے بعد ٹرانسپورٹرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔