بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بایو اسفیئر ریزروز کی گزٹ نوٹیفکیشن جاری
ایبٹ آباد: حکومت خیبر پختونخوا نے ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر پالیسی کو عملی جامہ پہنا دیا ہے، کیونکہ محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات اور وائلڈ لائف کے سیکرٹری نے دو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بایو اسفیئر ریزروز — گلیات (ایبٹ آباد) اور بشکر-گرم چشمہ (چترال) — کا سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
یہ نوٹیفکیشن صوبائی کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق صوبائی تحفظ ماحول کی کوششوں میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان مقامات کو پہلے ہی اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے تسلیم کیا جا چکا ہے اور انہیں ورلڈ نیٹ ورک آف بایو اسفیئر ریزروز میں شامل کیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے حامی ملک کے طور پر ایک بڑا اعزاز ہے۔
ماہرین ماحولیات، ماحولیاتی تنظیموں، سول سوسائٹی اور مقامی برادریوں سمیت مختلف طبقات نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے حکومت خیبر پختونخوا کی طرف سے حیاتیاتی تنوع، قدرتی ماحولیاتی نظام اور پائیدار ذریعہ معاش کے تحفظ کے لیے ایک بروقت اور مثبت قدم قرار دیا ہے۔
ان بایو اسفیئر ریزروز کی نامزدگی نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی ماحولیاتی فورمز میں ساکھ کو مضبوط کرتی ہے بلکہ سائنسی تحقیق، ذمے دارانہ ماحولیاتی سیاحت، اور مقامی برادریوں کی شراکت سے تحفظ ماحول کے لیے نئے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔
یہ پیش رفت حکومت خیبر پختونخوا کے قدرتی ورثے کے تحفظ اور ماحولیاتی اقدار کی پاسداری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے.