فائزہ حسیب وائس میڈیا نیٹ ورک کی ایگزیگٹو ڈائریکٹر ،ایک تجربہ کار ترقیاتی ماہر اور سماجی کارکن ہیں، جنہوں نے انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجیئس افیئرز میں پروگرام مینیجر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی ڈونرز جیسے نیشنل انڈومنٹ فار ڈیموکریسی (NED) واشنگٹن ڈی سی، DAI انٹرنیشنل (USAID)، ہولنگ سینٹر فار انٹرنیشنل ڈائیلاگ، جنیوا کال، یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس (USIP)، برٹش کونسل، یونیسکو اور KnK جاپان کے تعاون سے کئی اہم منصوبے کامیابی سے مکمل کیے۔
یہ منصوبے پاکستان میں امن، بقائے باہمی، بین المذاہب ہم آہنگی، مکالمے، شدت پسندی کے خلاف اقدامات اور نفرت انگیز مواد کے خاتمے کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیے گئے۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں کو امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے متحرک کیا اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کی بہتری کے لیے خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں میں قابلِ قدر کام کیا۔
فائزہ حسیب نے فرینڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان اور KnK جاپان کے اشتراک سے لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے کئی سرکاری اسکولوں میں سینکڑوں طالبات کو لائف اسکلز ٹریننگ فراہم کی، جبکہ کمیونٹی ایڈوکیسی گروپس، اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں اور اساتذہ کی تربیت بھی کی۔
ان کے علمی کام میں "پاکستان میں امن تعلیم اور تنازعات کے حل میں اس کا ممکنہ کردار”، "پائیداری اور ترقی میں امن تعلیم کا کردار” اور "جنوبی ایشیا میں پرائمری اسکول چھوڑنے کے رجحانات اور SDG-4 کے چیلنجز” شامل ہیں، جو قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے خواتین، نوجوانوں اور تعلیم کے حوالے سے بھی کئی مضامین تحریر کیے، جو پاکستان کے موقر انگریزی اخبارات میں شائع ہوئے۔
فائزہ حسیب نے بین الاقوامی انسانی قانون (IHL)، نفرت انگیز مواد کے خلاف اقدامات، لائف اسکلز، اور "اسلام اور جمہوریت: ایک متبادل بیانیہ” جیسے تربیتی مواد بھی تیار کیے۔
انہوں نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ایبٹ آباد کیمپس سے ایم ایس ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اور جی سی یونیورسٹی سے ایم بی اے (بینکنگ اینڈ فنانس) کی ڈگری حاصل کی، اور مختلف بین الاقوامی سرٹیفکیٹس بھی مکمل کیے، جن میں امن و تنازعات کے تجزیے، مکالمے کی منصوبہ بندی، اور پُرخطر ماحول میں مانیٹرنگ و ایویلیوایشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، انہوں نے بینکنگ اور انڈسٹریل سیکٹر میں بھی مختلف حیثیتوں میں خدمات انجام دی ہیں۔